جھنگ (نا مہ نگار) سابق ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد خان بلوچ کے بھائی مظہر خان بلوچ نے الزام عائد کیا ہے کہ افتخار احمد خان بلوچ نے اس کی اور اسکے دوسرے بھائی واجد خان بلوچ کی سول لائنز جھنگ اور نواز چوک جھنگ میں واقع کروڑوں روپے کی جائیداد پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔پولیس نے درخواست دینے کے باوجود تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ گزشتہ روز پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر خان بلوچ نے کہا کہ اس کا بھائی واجد خان 2015میں انگلینڈ شفٹ ہو گیا جبکہ وہ بھی 2017میں اپنی رہائشی کوٹھی کو تالے لگا کر لاہور شفٹ ہو گئے۔دسمبر 2021میں اس کا بھائی واجد خان بلوچ پاکستان واپس آیا تو وہ جھنگ اپنی رہائش گاہ آئے تو معلوم ہوا کہ ان کے کمروں کے تالے ٹوٹے ہوئے ہیں اور ان کا قیمتی سامان غائب ہے جو افتخار احمد خان نے چوری کر کے بیچ دیا ہے اور جائیداد پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ان کا بھائی افتخار احمد خان سابق ایم پی اے اور بااثر شخصیت ہے لہذا پولیس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے کارروائی سے بچا ہو ا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تھانہ کوتوالی پولیس بھی افتخار احمد خان بلوچ سے ساز باز ہو کر اس کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔