پلے آف مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست، شائقین کو خیموں میں ٹھہرانے کی آئندہ دو ہفتوں میں آزمائش شروع

Jun 17, 2022


کراچی (اسپورٹس ڈیسک )فٹبال کے عالمی میلے فیفا ورلڈکپ 2022 کے لیے تمام 32 ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ رواں برس قطر میں شیڈول اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی آخری ٹیم کوسٹاریکا ہے۔کوسٹاریکا نے انٹرکونٹی نینٹل پلے آف مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 0-1 سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ اس نے فیفا ورلڈکپ 2022 کے لیے کوالیفائی کیا اور گروپ ای میں جگہ بنائی۔ گروپ میں اس کا مقابلہ دو سابقہ چیمپئن ٹیموں جرمنی اور اسپین سے ہوگا جبکہ ایک میچ جاپان سے ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ مجموعی طور پر کوسٹاریکا کی ورلڈکپ میں چھٹی جبکہ مسلسل تیسری انٹری ہے۔ فیفا ورلڈ کپ میں 12لاکھ شائقین کی میزبانی کرے گا اور ان کی ایک ہزار روایتی ٹینٹوں میں ان کو ٹھہرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کی اعلی انتظامی کمیٹی میں رہائش کے انتظامات کے ذمے دار عہدیدار عمر الجبر نے بتایا کہ شائقین کو خیموں میں ٹھہرانے کے آپشن کی آئندہ دو ہفتوں میں آزمائش شروع کردی جائے گی۔انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ شائقین کو کیمپنگ کا مزہ دے گی ، ہم لوگوں کو روایتی بدوی انداز میں صحرا اور ٹینٹ کے تجربے سے لطف اندوز کرانا چاہتے ہیں، اس ٹینٹ میں پانی، بجلی اور باتھ روم کا انتظام بھی ہو گا البتہ شدید گرم موسم کے حامل اس ملک میں ٹینٹ میں ایئرکنڈیشنر کا کوئی انتظام نہ ہو گا۔
عالمی کپ رواں سال 21نومبر سے 18دسمبر تک قطر میں منعقد ہو گا اور یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ جون جولائی کے روایتی سیزن کے بجائے سردیوں کے موسم میں منعقد ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں