خواتین کاروبار کی وسعت کیلئے انٹرنیشنل فنانشل ا نسٹیٹیوشنز سے فائدہ اٹھائیں،مسعود خان

Jun 17, 2022

واشنگٹن(اے پی پی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی کاروباری خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے انٹرنیشنل فنانشل ا نسٹیٹیوشنزکے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے10مئی سے شروع کیے گئے ایکسلر یٹر پروگرام فار ویمن انٹریپرینیورزکے تحت 7پاکستانی کاروباری خواتین امریکہ کا دورہ کر رہی ہیں جو 30جون تک جاری رہے گا۔ پاکستانی سفیر نے گزشتہ روز خواتین کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبادلے نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کیلئے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر خواتین کی زیر قیادت کام کرنے والے اداروں سے متاثر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی ترجیح ہے۔ کاروباری خواتین کے امریکی ٹیک مارکیٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے یا مشاہدہ  سے انہیں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے نئی راہیں ہموار ہوں گی ۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اپنے وطن میں پہلے سے فروغ پذیر سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو بھی تقویت ملتی ہے۔مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبہ کیلئے متعدد مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ۔، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مائیکرو فنانس اور خواتین کی زیر قیادت انٹرپرائزز پراجیکٹ دستیاب اور پاکستانی کاروباری خواتین کوان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس پروگرام کا مقصد تربیت، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور عالمی سرمایہ کاروں تک رسائی ہے۔

مزیدخبریں