انڈسٹری ڈائیلاگ: موسمیاتی اقدامات اجاگر کرنے کا اگلا قدم ،غیاث خان

Jun 17, 2022

کراچی(کامرس رپورٹر)سی او پی 26 میں کئے گئے قومی سطح پر طے شدہ وعدوں کے حصول کیلئے پاکستان کو درکار ضروری ماحولیاتی اقدامات پر بحث کیلئے اوآئی سی سی آئی کی جانب سے انڈسٹری ڈائیلاگ سیریز کے پہلے سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جو اوآئی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کلائمٹ کانفرنس کے ذریعے شروع کی گئی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مثبت اقدامات کو فروغ دینے کے لئے ان پر عمل درآمد کیا جاسکے۔اس انڈسٹری ڈائیلاگ میں مقامی موسمیاتی ماہرین، پالیسی سازوں اور کارپوریٹ اداروں سے تعلق رکھنے والے فیصلہ سازوں نے پاکستان میں موسمیاتی اثرات کو کم کرنے کے بہترین طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا۔ تقریب کے مرکزی مقررین میں حکومتِ سندھ محکمہ موسمیاتی تبدیلی کے فوکل پرسن وقار حسین پھلپھوٹو اور ممتاز قانون دان ماحولیات احمد رفیع عالم شال تھے۔  اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے صدر غیاث خان نے کہاکہ پاکستان کو قومی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔پاکستان کلائمٹ کانفرنس صرف شروعات تھی اور آج کا انڈسٹری ڈائیلاگ ملک کو موسمیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے کی جانب اگلا قدم ہے۔ اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے نائب صدر عامر پراچہ نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حقیقی اور واضح معاشی اثرات ہوتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اوآئی سی سی آئی کی جانب سے کی جانے والی کوششیں ایک واضح ایکشن پلان کی بنیاد ڈالیں گی جس سے پاکستان کو اپنے ماحولیاتی وعدوں کو پوراکرنے اور معیشت کی پائیداری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں