کرپشن نے انصاف کا گلادبایا ہوا ہے‘ ثروت اعجاز قادری

Jun 17, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ امن کے حصول میں بڑی رکاوٹ اور معاشرے میں عدم اطمینان کا سبب ہے،کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نظام میں موثر اصلاحات کی ضرورت ہے ،حکمران کرپشن کے ناسور کے خاتمے کی بجائے ایسے نمائشی اقدامات پر اکتفا کررہے ہیں جس سے کرپشن کے دروازے کومکمل بند نہیں کیا جاسکتا،حکومت کی طرف سے مہنگائی دور کرنے کے دعوئوں کے باوجود عام آدمی کو دووقت کی روٹی میسر نہیں ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک کی عوام دنیا بھر میں رائج پیمانوں کے مطابق ایسا جمہوری نظام چاہتی ہے جس میں عوام کی حالت میں بہتری اور دولت کے بہائو کا رخ امیروں سے غریبوں کی طرف منتقل ہو ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ،مگر قرآن وسنت کے نظام کو آج تک نافذ نہیں کیا گیا ،سیکولر ازم ،لبرل ازم ،سوشلزم یہود ونصاری کے تمام نظام رائج کرنے کی کوشش کی گئی مگر عوام کو ان نظاموں سے کوئی ریلیف نہیں ملا،جمہوریت عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرتی ہے مگر ایسا دیکھنے میں نہیں آرہا آج بھی 12کروڑ سے زائد غریب عوام غربت کی سطح سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ،ملک کو ترقی کی طرف لیجانا اور ماڈل بنانا ہے تو کرپشن کو ہر حال میں جڑ سے ختم کرنا ہوگا ،کرپشن نے انصاف کا گلادبایا ہوا ہے غریب کو بنیادی حقوق میسر نہیں ،کرپشن ایسی لعنت ہے جس سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لئے مثبت خاطر خواہ اقدامات کا نہ ہونا ہی عوام میں تشویش اور مایوسی کو جنم دے رہا ہے امیر امیر تر اور غریب غربت کی لکیر سے نیچے جارہاہے ،پاکستان سنی تحریک مظلوموں کو ان کا حق دلانا چاہتی ہے عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے ۔

مزیدخبریں