کراچی (نیوز رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے فادر ماریو روڈریگز کی قیادت میں کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی اور سینٹ پیٹرک کتھیڈرل چرچ صدر کراچی کی مرمت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فادر ماریو نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سینٹ پیٹرک چرچ 1818 میں بنایا گیا تھا اب اسے کچھ ضروری مرمت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی کو اسکیم کے ذریعے اسے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ فادر ماریو نے بتایا کہ کیتھولک بورڈ شہر میں 40 اسکول چلا رہا ہے اوریہ اسکول معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں لیکن کچھ مسائل کی وجہ سے ان سکولوں کو مالی مسائل کا سامنا ہے ۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ محکمہ تعلیم کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کریں گے۔ملاقات میں سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کی عمارت کی مرمت سے متعلق مسئلہ بھی زیر بحث آیا ۔ فادر ماریو کا کہنا تھا کہ یہ پرانی عمارت ہیاور اسے ورثہ میں شمار کیا گیا ہے اس لیے ہیریٹیج کمیٹی کی اجازت کے بغیر اس کی مرمت نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اسکول کی عمارت کی مرمت انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر تمام مطلوبہ رسمی کارروائی کو پورا کر کے کی جائے گی۔
مراد علی شاہ
اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر پیشی تھی اور تاریخ ہوگئی، بائیسویں پیشی تھی سترہ ملزمان ہیں اور سب کراچی سے آتے ہیں، ایک تاریخ پر تقریبا ایک لاکھ روپے خرچہ آتا ہے، اب تک تین کروڑ ساٹھ ستر لاکھ روپے خرچ ہوچکے، جو الزام لگایا گیا کوئی حقیقت نہیں، کرپشن فتنہ تھا، چار سال سے جھوٹا کیس بنایا ہوا، کسی افسر پر کچھ ثابت نہیں ہورہا، عدالت، وکلاء اور ہم سب کا وقت ضائع کررہے ہیں، آرڈیننس تو رات بارہ بجے اٹھا کر بھی دستخط کرلیے جاتے ہیں، اسمبلیوں کی بھی کچھ عزت کریں، اب بھی آرڈیننس صدر کے پاس گیا ہوا ہے، دس دن سوتے رہیں گے گیارہویں دن قانون بن جائے گا، صدر پارلیمنٹ کا احترام کریں، اسی پارلیمنٹ سے وہ صدر بنے ہیں، جو من مانیاں ہورہی ہیں، نیب قانون میں تمام ترمیم ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے مطابق کی گئیں۔ سندھ کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں، نئے بجٹ میں 13 ہزار ارب کی سکیمیں ڈالی گئیں لیکن سندھ کا نام نہیں، ایک ارب کی سکیم ہے جو 2018-19 کی ہے، پانی کی 52 ارب کی سکیم ہے، سندھ میں پانی کہ قلت ہے، تیس سیکنڈ کی سزا پر گیلانی، تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نکالا گیا‘ کیا عمران خان کو خود معلوم نہیں ان کو اپنی نااہلی ناکامی نظر نہیں آتی۔ احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔ مراد علی شاہ سمیت دیگر عدالت پیش ہوئے۔ موقع پر وکلاء صفائی نے کہاکہ نیب کا نیا قانون صدر پاکستان کے پاس گیا ہوا ہے، نیب قانون میں کافی تبدیلی دکھائی دے رہی ہے، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ پتہ نہیں نیا قانون کب آئے گا؟، جس پر عدالت کے جج نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ فرد جرم عائد کر دی ہے، جج اصغر علی کے ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔