گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)پرائس مجسٹریٹس باقاعدگی سے باہر نکلیں گے تو ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں نمایاں کمی آئے گی جس سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے گا ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران اشیا ضروریہ کے نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کروائیں بڑے، چھوٹے سپر اسٹورز دکانوں اور ریڑھیوں کو بھی چیک کیا جائے ڈی سی کانٹر اور آٹے چینی کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی 100 فیصد یقینی بنائی جائے ، یہ بات ڈپٹی کمشنر سائرہ عمرنے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرشبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنرز کامران حسین،ڈاکٹر انعم فاطمہ، عثمان سکندر ، رانا امجد ، عمران صفدر بذریعہ ویڈیو لنک،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت جاوید اختر پڈھیار، ڈی او انڈسٹریز شفیق احمد بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ افسر روزانہ کی چھاپہ مار کاروائیوں کی رپورٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ موبائل ایپ پر اپلوڈ کریں،قیمت ایپ پنجاب پر موصول شکایات پر سختی سے ایکشن لیں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے دوروں کے دوران نیلامی سے قبل اور بعد کی قیمتوں کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی درست قیمتوں کا تعین یقینی بناتے ہوئے مارکیٹ میں دستیابی ممکن بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 12سے 15بنیادی اشیا جن میں آٹا، چینی، گھی، دالیں،چاول،دودھ، دہی،روٹی،نان اور گوشت وغیرہ کی حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی اور لائیو اسٹاک کے افسر دودھ میں پانی اور کیمیکل کی ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں تیز کریں خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کو یوریا کھاد 1850روپے میں سیل پوائنٹس پر دستیاب ہے اور کسانوں کو ان کی ضروریات کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے ۔