لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی، ایسی حرکتوں سے نہیں ڈرتے: وکلاء

لاہور (این این آئی/ خبر نگار/نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ آئی جی پنجاب نے بھی سی سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ فائرنگ سے ان کا ڈرائیور جاوید زخمی ہو گیا جبکہ گیراج میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پہنچ گئے اور گولیوں کے خول اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔ فائرنگ کی اطلاع پر سینئر قانون دان اعتزاز احسن بھی سردار لطیف کھوسہ کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سردار لطیف کھوسہ کے گھر پر سات فائر کیے گئے۔ فائرنگ میں پستول اور رائفل کا استعمال کیا گیا۔ گولیاں گھر کے دروازے اور گیراج میں پارک کار میں لگیں۔ ایک گولی گیراج میں موجود ڈرائیور جاوید کی ٹانگ میں لگی۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں گھر میں کلائنٹ کا کیس سن رہا تھا، فائرنگ کی آواز آئی اس طرح کے حربوں سے وکلاءتحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، ہم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے، ایک پارٹی کو سائیڈ لائین لگا دیا گیا، طاقت کا انتہائی غلط استعمال کیا جا رہا ہے، تاریخ میں ایسا دور نہیں دیکھا۔ میرے بیٹے کو چار ماہ پہلے فائر لگے، لاہور جیسے شہر میں ملزمان کو پکڑا نہیں جاتا، اعتزاز احسن نے کہا کہ 9 مئی والے واقعہ میں پولیس افسران کو شامل تفتیش کرنا چاہیے ،عجیب جیو فینسنگ ہے دکانوں والوں اور بے قصور لوگوں کواٹھا لیا جاتا ہے،یہ سب گلو بٹوں کا کام ہے ، انہوںنے کہا کہ فوجی قیادت کو کوئی بتائے کے فوجی عدالتیں غیر قانونی ہیںہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اشتیاق اے خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سینئر قانون دان لطیف کھوسہ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیںاپنے حقوق کا تحفظ رکھنا جانتے ہیں، ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے،زبان بندی کے لیے وکلاءکو مجبور کیا جا رہا ہے،وکلا اس طرح کی حرکتوں سے نہیں ڈرتے ہیں،آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں نشاندہی کر کے گرفتار کرنے کا یقین دلایا، ہم امید کرتے ہیں گرفتار وکلاءکو رہا نہ کیا گیا تو تحریک چلائیں گے،نائب صدر ربیعہ باجوہ نے کہا کہ تحریکیں اصولوں پر چلتی ہیں،ہمیں کسی فنڈز کی ضرورت نہیں ہے،ہم پاکستان کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن