مین ہول میں گرنے سے بچے کی ہلاکت‘ ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے: وزیراعلیٰ 

Jun 17, 2023


لاہور +کاہنہ (نوائے وقت رپورٹ‘ خبر نگار‘نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کاہنہ کے علاقے ناز ٹاﺅن میں مین ہول میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے جاں بحق بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے افسوس ناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور انکوائری کی روشنی میںغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں کھلے مین ہولز کو فی الفور کور کیا جائے۔ دوسری جانب کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ناز ٹاﺅن انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کردی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ اے سی ماڈل ٹاﺅن ناز ٹاﺅن انتظامیہ کے خلاف کارروائی کو خود مانیٹر کریں گے۔ ناز ٹاﺅن انتظامیہ کی غفلت کے باعث مین ہول کور نہ ہونے کے باعث قیمتی جان ضائع ہو گئی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ اے سیز/ ڈائریکٹر نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز ایل ڈی اے فوری طورپر شہر میں مین ہولز کورز کو چیک کریں۔کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق کاہنہ میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں دفن کر دیا گیا۔ میاں چوک ناز ٹاﺅن کے رہائشی عامر کا 5 سالہ بیٹا فیضان گھر سے کھیلنے کے لیے نکلا اور لاپتہ ہوگیا تھا جسے کئی گھنٹے تلاش کرنے کے بعد لاش گھر کی قریبی گٹر سے برآمد ہوئی تھی۔ 

نوٹس

مزیدخبریں