اسلام آبا د (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) اسلام آباد، انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹیڈیز اسلام آباد کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے دنیا پر موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے چیلنجز سے نمٹنے اور امن کی بحالی کیلئے تنازعات کے حل کے لئے مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اور بھارت سمیت دوسرے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان چین کا تذویراتی شراکت دار ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم پروگرام ہے جو اس گہری اور مشکل کی ہر گھڑی میں پوری اترنے والی دوستی کا مظہر ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی طاقتوں کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ، ظالمانہ، غاصبانہ اور غیرقانونی اقدامات کیخلاف اقدامات کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دوسری عالمی طاقتوں کو افغانستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے افغانستان کی عبوری حکومت پر بھی زور دیا کہ ملک میں امن بحال کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور ملکوں کے ساتھ بات چیت کرے اور عالمی قوانین کا احترام کرے۔روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے۔ لڑائی کے بجائے مذاکرات کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہیں اسی طرح پاکستان یو این قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے ۔ پی پی انسانی حقوق سیل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں بلاول نے کہا ہے کہ عوام کو مشورہ ہے انسانی حقوق کی بہتر تعلیمات کیلئے پیپلز پارٹی کو جوائن کریں۔ آج کل کا ایکٹیوازم صرف سوشل میڈیا تک رہ گیا ہے، ہمارے انسانی حقوق کورس میں یہ نہیں ہے کہ آپ کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہمارے مزدور کو جو مسائل ہیں اس پر کام کرنا چاہیں گے، پاکستان میں انسانی حقوق کے مسائل بہت زیادہ ہیں، گوا گیا وہاں اقلیت کا ایک ممبر بھی کسی وزارت کے عہدے پر نہیں تھا، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے پاس اقلیت سے بھی وزارتوں میں لوگ آتے ہیں، پیپلزپارٹی کو انسانی حقوق کے حوالے سے خدمت پر فخر ہے۔فوزیہ وہاب کی برسی پر پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ مرحومہ فوزیہ وہاب غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل سیاستدان پروقار شخصیت کی مالک اور ثابت قدم رہنما تھیں۔
اقوام متحدہ عوامی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ، بلاول
Jun 17, 2023