اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ ہوگئے۔ اہل خانہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درخواست دیدی گئی۔ جن کے بعد اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اہل خانہ نے تھانہ کوہسار کو دی گئی درخواست میں بتایا ہے کہ اعظم خان کل شام کو گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آئے۔ اعظم خان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔ مقدمہ اعظم خان کے بھتیجے سعید خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے نجی وی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کے حوالے سے درخواست پر انکوائری کا عمل کیا جائے گا۔ دیکھا جائے گا کہ اعظم خان لاپتا ہیں یا خود ہی کسی جگہ روپوش ہیں۔ اعظم خان کے اہلخانہ نے اس حوالے سے کوئی نشاندہی نہیں کی، کچھ کہنا قبل از ہے۔ چیف سیکرٹری نے مجھے ذمہ داری سے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما ان گاڑیوں کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کر سکیں گے۔ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی رہنما¶ں سے برآمد ہونے والی گاڑیاں حکومت کی ہیں۔ پرویز الٰہی سے جیل میں برا سلوک نہیں ہو رہا۔ تمام حقوق انہیں حاصل ہیں۔ پرویز الٰہی کو جیل میں تمام میڈیکل سہولیات حاصل ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی فتنہ ہے جس نے ملک کی سیاست کو گندا کر دیا ہے۔ ہسپتال جیل میں کسی کو تکلیف ہوتی ہے تو اسے ہسپتال منتقل کرنا روٹین کی بات ہوتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو جو عروج آنا تھا وہ آٹھ مئی تک آ چکا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اب ملک کی سیاست میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کر سکیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی 2013ءمیں پاپولر تھے مگر الیکشن میں کیا ہوا۔ میرے خیال میں اسمبلیوں کی مدت پوری ہو تو ہمیں الیکشن میں جانا چاہئے۔ نو مئی کی حرکت کے بعد ووٹ بڑھنے کی اس کی خام خیالی ہے۔ تحریک انصاف نے پہلے خواتین سے متعلق پراپیگنڈا کیا۔ اس فتنے نے ملک کی سیاست میں بدتمیزی، بدتہذیبی لائی۔ نگران سیٹ اپ آنا چاہئے۔ آئین کی مدت کے مطابق الیکشن ہونے چاہئیں۔
سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ، دیکھیں گے روپوش تو نہیں ہوگئے: رانا ثناء
Jun 17, 2023