لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ قربانی کابنیادی مقصد حصول تقویٰ ہے۔ قربانی کاسارا عمل ریاکاری،تصنع ،بناوٹ دکھاوے سے پاک ہونا چاہیے۔ قربانی کے جانور کو ذبح کرنے کا مقصد خاص اللہ تعالیٰ کی رضا اور تعظیم ہو اور عبادت کے خیال سے ذبح کرے، گوشت کھانے کے مقصد سے یا لوگوں دکھانے کی غرض سے نہ کرے۔ نماز سے لے کر روزہ و قربانی تک تمام عبادات کا اساسی مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔رواں سال بھی جامعہ نعیمیہ میں اجتماعی قربانی کے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جامعہ نعیمیہ میں عیدالاضحی کے موقع پرہونے والی ”اجتماعی قربانی“کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،امسال جامعہ نعیمیہ میں300سے زائد ،گائے،بیل اوراونٹ ذبح کئے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قربانی واجب ہونے کیلئے نصاب کے مال ، رقم یا ضرورت سے زائد سامان پر سال گزرنا شرط نہیں ہے اور تجارتی ہونا بھی شرط نہیں ہے۔، ذی الحجہ کی بارہویں تاریخ کے سورج غروب ہونے سے پہلے اگر نصاب کا مالک ہوجائے تو ایسے شخص پرقربانی واجب ہے۔