لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ تحقیقی روّیوں کی تشکیل کے بغیر ترقی ممکن نہیں، دانشگاہیں اور جامعات تحقیق وتخلیق کے اصولوں سے آگاہی کا اہتمام کریں۔ درگاہ اور درسگاہ کے امتزاج ہی سے ا±مت کو عروج اور ارتقا میسر آئے گا۔ صوفیانہ مشربِ تدریس اور اسلوبِ دعوت سے انتہا پسندی اور تشدّد کا خاتمہ ہوگا۔ تزکیہ اور طہارت کے بغیر مستحکم معاشرہ معرضِ عمل میں نہیں آسکتا۔ وہ داتا دربار کے ہجویری ہال میں الحاج ڈاکٹر سرورحسین نقشبندی اور علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر کی پی اپچ ڈی کی تکمیل پرمنعقدہ تقریب تحسین بعنوان:”تحقیقی روّیوں کی تشکیل میں محراب و منبر کا کردار“سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خانقاہی نظام کا احیاءوقت کی اہم ضرورت ہے۔ مساجد اور مزارات سوسائٹی کا مرکزی نقطہ اور انسانی فلاح کے بنیادی ادارے ہیں جن کا فیضان مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔آصف علی فرخ، مفتی محمد رمضان سیالوی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل ان صوفیاءکے نقشِ قدم پر چلنے ہی سے ممکن ہے۔