لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام سٹی میرج ہال کوٹ کبہ چوک میں ”اسلام زندہ باد کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ محمد حامد رضا محسن سجادہ نشین آستانہ عالیہ ہیئت پور شریف نے کی جبکہ علامہ محمد ریاض الرحمن مدنی مہمان خصوصی تھے۔ انتظامات کی نگرانی مولانا محمد شوکت علی جلالی نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا احیاءدین کیلئے اعتقادی پختگی اور نظریاتی درستگی ناگزیر ہے۔ تمام شعبہ جات میں اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ اسلام کے متوالوں کو غیروں کے در سے افکار کی بھیک مانگنا اور ان کی پیروی کرنا زیب نہیں دیتا۔ نسل نو کو مغربی تہذیب سے بچانے کیلئے تہذیب حجازی کو فروغ دینا ضروری ہے۔ کانفرنس میں پیر سید فرہاد علی شاہ صاحب، قاری محمد افضل باجوہ، صاحبزادہ ضیاءالمصطفیٰ عتیق، قاری محمد اسلم ہمدمی، صاحبزادہ محمد اویس نقشبندی، علامہ طاہر محمود اویسی، علامہ عمر فاروق توحیدی، علامہ احسن جلالی، علامہ عرفان رضوی، علامہ فرمان مدنی و دیگر نے شرکت کی۔