گلوبل وارمنگ یا عذاب الٰہی

Jun 17, 2023

فیصل عرفان
Faisalirfanchohan@gmail.com
گلوبل وارمنگ چھوٹے ملکوں کی معیشت کیلئے ایک عذاب الٰہی بن کر نازل ہو رہی ہے۔کپاس ہو گندم یا چنے کی فصل  کسان کی محنت کو ژالہ باری سے خطرہ رہتا ہے اور یہ سب کچھ گلوبل وارمنگ کا نتیجہ ہے۔ژالہ باری سے تحصیل گوجر خان کی یونین کونسل جھونگل کا زرعی رقبہ  بری طرح متاثر ہوا ہے ۔یہ زرعی رقبہ  درکالی سیداں(درکالی کلاں) اور درکالی خورد تحصیل ہیڈکوارٹرگوجر خان سے اندازہََ35کلومیٹر کی مسافت پر پر واقع ہیں۔اس  زرعی رقبے پربارانی علاقوں کے کسانوں کیلئے گندم کی فصل انتہائی اہمیت کی حامل ہے،کیونکہ یہی ان کا ذریعہ روزگار ہے۔گندم کی کٹائی کے بعد حاصل ہونیوالی آمدن سے جہاں فصل پر اٹھنے والے سال بھر کے اخراجات کی ادائیگی کی جاتی ہے وہیں غریب کسان تھوڑی بہت بچت سے اپنی دیگر ضروریات بھی پوری کر لیتا ہے۔
4مئی کا دن درکالی سیداں(درکالی کلاں) اور درکالی خورد کے دیہات کیلئے کسی قیامت سے کم نہ تھا،دونوں دیہات کے متعدد کسان یا تو گندم کی کٹائی کر چکے تھے اورگہائی کیلئے تھریشر کے انتظار میں تھے یا پھر گندم کی کٹائی میں مصروف تھے ،جمعرات کی صبح ہونیوالی مسلسل شدید بارش اور ژالہ باری نے دونوں دیہاتوں کے کسانوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا،تقریباََ8انچ تک ہونیوالی ژالہ باری نے جہاں کھیتوں میں پڑی گندم کی فصل کو برباد کر دیا وہیں کٹائی کی منتظر گندم کی فصل کو بھی شدیدنقصان پہنچایا،اس نوعیت کی بارشیں اور شدیدژالہ باری علاقہ بھر میں پہلی بار دیکھنے میں آئی،سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور فوٹیجز شیئر ہونے پرسابق وزیر اعظم و سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صوبائی وزیر پنجاب،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کو درکالی سیداں میں نقصانات کا جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کی جس پر تحصیل اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے محکمہ مال گوجر خان سمیت ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی میڈم سعدیہ بانو کو فوری ٹیمیں تشکیل دیکر کسانوں کی فصل کے نقصان کا تخمینہ اور کسانوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ محکمہ زراعت توسیع گوجرخان اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرزا محمد افضل کی ٹیم نے ژالہ باری سے متاثرہ علاقے درکالی سیداں کا جب دورہ کیا،اس موقع پر انکے ہمراہ محکمہ زراعت دولتالہ کے زراعت آفیسر شہزاد ممتاز،سید محمد ارشد فیلڈ انویسٹیگیٹر دولتالہ محمد افضال فیلڈ اسسٹنٹ جاتلی اور بلاول شکیل فیلڈ اسسٹنٹ مندرہ بھی موجود تھے ۔محکمہ زراعت کی ٹیم نے 600سو سے زائدمتاثرہ کسانوںسے بالمشافہ ملاقات کی اور ان کو ژالہ باری سے ہونے والے گندم وغیرہ کے نقصانات سے بلاتفریق ازالے کی یقین دہانی کرائی اور فرداََ فرداََ بذریعہ ٹیم تمام زمینداروں کے شناختی کارڈ تعداد رقبہ و فون نمبررات کی لسٹیں مکمل تیار کروائیں۔ سینکڑوں ایکڑتیار گندم کے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کرکے رپورٹ بھی مرتب کی گئی ہے۔دریں اثناء پیپلز پارٹی تحصیل گوجرخان کے سرپرست اعلیٰ راجہ جاوید اشرف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم درکالی سیداں اور گردونواح کے عوام کے ساتھ ہیں، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب گورنمنٹ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے اور بہت جلد پنجاب حکومت سفارشات پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔دوسری طرف اے سی گوجر خان میاں مراد حسین نیکو کارہ نے اپنے دفتر میں مقامی صحافی ضیغم نقوی اور میاں عمران سے ملاقات میں یقین دلایا کہ مکمل شفافیت اور میرٹ پر نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے چوہدری ساجد محمود اور سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری محمد عظیم نے بھی ژالہ باری سے ہونیوالے نقصانات پر کسانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکومت سے علاقہ کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ۔ حکومتی اقدامات کے باوجود  متاثرہ زمین داروں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ مال اور محکمہ ذراعت کی ٹیمیں آئی ضرور تھیں لیکن ابھی تک کوئی عملی پراگرس نظر نہیںآرہی،نہ ہی کوئی امداد ملی ہے اور نہ ہی علاقے کو آفت زدہ قرار دیا گیاہے۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سے اپیل کی کہ ہماری داد رسی کیلئے عملی اقدامات بھی کیے جائیں۔

مزیدخبریں