تحریک اصلاحات پارٹی مسلم لیگ ن میں ضم ہو گئی

اسلام آباد(نا مہ نگار)تحریک اصلاحات پارٹی کے بانی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے اپنی پارٹی کو مسلم لیگ (ن )میں ضم کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے،ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ایم این اے شاہ جی گل آفریدی، سابق سینیٹر تاج آفریدی، سابق ارکان صوبائی اسمبلی بلاول آفریدی، شفیق آفریدی، بصیرت بی بی، سابق تحصیل مئیر زبیر آفریدی، شاہ خالد اور سید نواب شامل ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواکے صدرانجینئر امیر مقام اورسیکرٹری جنرل مرتضی جاوید عباسی نے تحریک اصلاحات کے بانی شاہ جی گل آفریدی کا ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت پر خیر مقدم کیاہے،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام اور صوبائی سیکرٹری جنرل مرتضی جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک اصلاحات پارٹی کے بانی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے پارٹی کو مسلم لیگ ن میں ضم کرنے کا اعلان کیا، اس موقع پر شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ میاں نواز شریف ملک سے محبت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا، نواز شریف اور ن لیگ نے ملک کو ٹوٹنے سے بچایا، نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو باقیوں کی طرح وہ بھی پلی بارگین کر لیتے،انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ٹی آئی آر کا ممبر بنایا، میاں صاحب جانتے تھے ہمارا مستقبل سینٹرل ایشیا ہے، ملک کو مہنگائی سے وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نکالے گی، کسی کے ملک توڑ نے کا خواب پورا نہیں ہو گا،پریس کانفرنس کے دوران شا ہ گل آفریدی کا کہنا تھا  مسلم لیگ ن کی حکومت نہ ہوتی تو ہم اس تحریک کو انجام تک نہ پہنچا سکتے، صوبائی صدر انجینئر امیر مقام اور سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا مرتضی جاوید عباسی نے کہا خیبرپختونخوا مسلم لیگ کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے، پاکستان اصلاحات پارٹی کے چیئرمین اور کابینہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، شمولیت خیبرپختونخوا کی سیاست میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن