ٹورنٹو (نوائے وقت رپورٹ) کینیڈا کے شہر منیٹوبا میں مسافر وین ایک مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر وین میں زیادہ تر معمر افراد تھے جو کیسینو جا رہے تھے۔ وین ہائی وے جنکشن پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ وین اور ٹرک کے ڈرائیورز نے کسی طرح اپنی جانیں بچالیں۔یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ وین کے پرخچے اْڑ گئے اور اس میں آگ بھڑک اْٹھی۔ وین میں لگنے والی آگ نے سڑک کے کنارے اگی گھاس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زیادہ تر مسافر طبی امداد ملنے سے قبل ہی وین میں بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ٹرک کا اگلا حصہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ یہ حادثہ کینیڈا میں ہونے والے ہلاکت خیز بڑے وین حادثوں میں سے ایک ہے۔ امدادی کاموں کے دورن 15 لاشیں نکالی گئیں۔تاحال پولیس یہ تعین کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی کہ حادثہ کس کی غفلت سے پیش آیا۔وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یا کوئی بھی اس درد کا تصور نہیں کر سکتے جو آپ لوگوں نے جھیلا ہے۔ دکھ کی گھڑی میں پورا ملک آپ کے ساتھ ہے۔