9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوئی،فردوس عاشق اعوان

Jun 17, 2023

لاہور(آئی این پی)استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوئی اور نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی نے جنم لیا،ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میں پونے 2 سال سیاست سے دور رہی، جس بیانیے کے ساتھ پارٹی اور چیئرمین چل رہے تھے اس کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتی تھی،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ جب تک سیاسی حریفوں کو ہدف بنا رہے تھے میں چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی تھی، مگر جب انہوں نے توپوں کا رخ افواج پاکستان کی طرف کیا تو مجھے خاموش ہو کر سائیڈ پر بیٹھنا پڑا،انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی و سیاسی عدم استحکام اور ایک دوسرے سے نفرت ہے، 9 مئی کے واقعات میں شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی،انہوں نے کہا کہ 9مئی کے بعد ایسا بیانیہ پروموٹ کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ وہ وقت تھا جب پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی،انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح پاکستان کا استحکام ہے، سیاست میں ہٹ دھرمی اور انا والا موقف لے کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں کچھ دو اور کچھ لو کے تحت، حالات اور صورت حال کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں، ابھی ہم پارٹی سٹرکچر بنانے میں مصروف ہیں، ممبر سازی اگلا مرحلہ ہو گا،ان کا کہنا تھا کہ ہماری کھلی دعوت ہے کہ پی ٹی آئی کے متاثرین کے لیے دروازے کھلے ہیں، آئی پی پی ثابت کرے گی کہ ہم ریاست اور سیاست دونوں کے ساتھ چلیں گے۔

مزیدخبریں