یونان: کشتی حادثہ میں لاپتہ ایک خاندان کے 12 افراد سمیت 43کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے

Jun 17, 2023

لاہور (نیٹ نیوز) یونان میں چند روز قبل کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 79 افراد ہلاک ہوئے۔ واقعے میں لاپتہ ہونے والے 43  افراد کا تعلق آزاد جموں کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کشتی ڈوبنے سے لاپتہ ہونے والوں  میں کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں بنڈلی کے ایک ہی خاندان کے بارہ افراد بھی شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ چار نوجوان کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں گوڑا بلیاں اور دیگر ڈنہ کے رہائشی ہیں۔ 43 نوجوانوں میں سے دو افراد بچ گئے، باقی لاپتہ ہیں۔ لاپتہ  ہونے والے افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تمام نوجوان روزگار کے سلسلے میں غیر قانونی طور پر اٹلی اور یونان جا رہے تھے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کے قریب پیپلوپونیز ریجن میں  تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 79 افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ ہو گئے تھے۔ تاہم ہلاک  ہونے والوں کی شہریت کی شناخت نہیں ہو سکی۔ مقامی حکام کا بتانا تھا کہ 65 سے 100 فٹ  لمبی کشتی میں ممکنہ طور پر 750 افراد سوار تھے۔ جبکہ اقوام متحدہ کی ایجنسی نے 400 افراد کے کشتی پر سوار ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ یونانی حکام کا کہنا تھا کہ کشتی  میں بیشتر تارکین وطن کا تعلق مصر، شام، افغانستان اور پاکستان سے ہے۔

مزیدخبریں