عیدآج ضرورت مندوں کی مددکرنی چاہتے فلسطینیوں کشمیریوں کی قربانی کو یا دریکھنا ہے : صدر وزیراعظم

پشاور‘ اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی (بیورو رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی+ کامرس رپورٹر) پاکستان میں عید الاضحیٰ آج  مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے جن میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد، مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جائے گی اور ان کا گوشت رشتہ داروں، غرباء اور مساکین میں تقسیم کیا جائے گا۔ کراچی میں دائودی بوہرہ برادری نے گزشتہ روز عیدالاضحی منا ئی ۔ صدر کی طاہری مسجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کر دی گئی۔ عید الاضحی کی نماز کے بعد بوہری برادری کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے قربانی کی گئی۔ پولیس کی طرف سے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ پشاور میں مقیم افغانوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے ساتھ عید الاضحی منائی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کی۔ پشاور کے علاقے تاج آباد میں افغان باشندوں کی جانب سے گزشتہ روز عید کی نماز ادا کی گئی۔ جبکہ ضلع خیبر سمیت بعض ضم اضلاع میں بھی آج عید الاضحی منائی جا رہی ہے۔ خیبر پی کے میں مقیم فغان باشندے ہر سال عیدالاضحی سعودی عرب کے ساتھ مناتے ہیں۔ افغان مہاجرین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔  صدر آصف علی زرداری  نے عید الاضحی کے مبارک اور پرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی اور پیغام میں کہا میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اور پاکستان کیلئے  رحمتیں اور خوشیاں لائے۔ عیدالاضحی ہمیں اللہ تعالی کے دو برگزیدہ پیغمبروں حضرت ابراہیم  اور حضرت اسماعیل علیہم السلام کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔ اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الہی کے حصول کیلئے سر تسلیم ِخم کر دیا۔ پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے۔ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ  پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں نازل فرمائے۔  اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا میں عیدالاضحیٰ اور عظیم اسلامی عبادت حج بیت اللہ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس مبارک موقع پر میں اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔ آج کے دن ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور اطاعت کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عیدالاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے‘ ہمیں فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو کہ ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم سمیت مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی اور ایثار کی گہری اقدار کی علامت ہے۔ یہ مقدس دن ہمیں ہمدردی کو اپنانے اور اپنے درمیان محروم‘ بے گھر اور مستحق افراد کی طرف ہاتھ بڑھانے کی دعوت دیتا ہے۔ عیدالاضحیٰ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اکٹھے ہونے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن