لکی مروت (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر لکی مروت رحمت علی وزیر اور ڈی ای او ظہور خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن نے ورلڈ فادر ڈے اس عزم کے ساتھ منایا کہ باپ کا سایہ اولاد کے لئے کسی قیمتی سرمائے سے کم نہیں یہ سایہ دنیا و آخرت میں بچوں کی کامیابی کا سبب بنتا ہے ، اس سلسلے میں گورنمنٹ شہید محمد غسان خان سینٹینیل ماڈل ہائی سکول نمبر ایک لکی سٹی میں شاندار تقریب منعقد ہوئی مہمان خصوصی اے ڈی ای او سپورٹس حاجی امیر جان خان تھے جبکہ صدارت وائس پرنسپل خلیل الرحمان نے کی تقریب میں ماہر تعلیم ہارون رشید، اساتذہ، سکائوٹ لیڈرز، طلبہ اور بوائے سکائوٹس شریک تھے ۔ مقررین نے اپنی تقریروں میں فادر ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد باپ کو اولاد کے بہتر مستقبل، تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کا بہترین اور مفید شہری بنانے کے لئے دی جانے والی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔