عید کا دن ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، شیعہ علما کونسل پاکستان 

 اسلام آباد (خبرنگار) شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے عید الاضحی کے پرمسرت اور بابرکت دن پر تمام اہل ایمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کا دن ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، خلق خدا کی خدمت، بے سہارا، نادار اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی اس دن کا حقیقی مقصد اور پیغام ہے، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی، عید قربان پر جھوٹ، منافقت، غیبت اور آپس کی رنجشوں کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کریں، قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہرگز فراموش نہ کریں، ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلومین جہاں بالخصوص غزہ کے نہتے عوام کی نصرت و حمایت کے لیے دعا اور صدا ضرور بلند کریں، ملت کے ہزاروں شہدا کے خاندانوں کو بھی اس خوشی کے موقع پر ضرور یاد رکھیں، اس دن خدا کی خوشنودی کے لیے کی جانے والی جانوروں کی قربانی کی آلائشوں کو لازما ٹھکانے لگائیں اور صفائی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ذرا سی لاپرواہی سے پیدا شدہ گندگی سے لوگوں کے بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ پیدا نہ ہو۔

ای پیپر دی نیشن