مظفرآباد(نا مہ نگار )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقدس دن کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آج کے دن عظیم انبیاء کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ بڑے مقاصد کی تکمیل اور اس دنیا کو دکھوں سے پاک کرنے کے لئے اپنی پیاری اشیا حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے آگے اپنی تیسری نسل قربان کر چکے ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبدد، بندشوں، کرفیو اور بندوقوں کے سائے میں کلمہ حق کہنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ سیدنا حضرت ابراہیم ؑنے اپنے طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتایا کہ قربانی اپنے آپ کو اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے۔آج کے مقدس دن اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہوں کہ جس طرح اس نے حضرت ابراہیم ؑکو ان کی قربانی قبول کرکے سرخرو کیااسی طرح کشمیریوں کو بھی ان کی قربانیوں کا صلہ عطا فرمائے۔ آزادجموں وکشمیر کے عوام عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے کے پیش نظر اپنے ارد گرد مستحقین کا خاص خیال رکھیں۔در ین اثنا ء صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عید الاضحی کا مذہبی تہوار ایک عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔عید الاضحی کے مقد س و محترم دن کے موقع پر میں ملت اسلامیہ کے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔عید الاضحی کے مذہبی تہوار کے پس منظر میں ایک عظیم فلسفہ کار فرما ہے۔ یہ فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الہٰی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز حتیٰ کے اولاد کو بھی قربان کر دینے سے عبارت ہے۔ آج کشمیری قوم اس سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے۔جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا ملک جمہوریت کی مکمل طور پر نفی کر رہا ہے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مکمل طور پر سلب کر دیئے ہیں۔ کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم ہے۔مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی کا نام دے رہا ہے۔بھارت کے ان غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عالمی سطح پر ان اقدامات کا نوٹس لیا جا رہا ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی حریت کانفرنس اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا بنیادی حق، حق خود ارادیت لیکر رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئیے اس اہم موقع پر اس عزم کی تجدید کریں کہ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔۔ہماری حقیقی عید یقینااس دن ہو گی جب ساری ریاست بھارتی تسلط سے آزاد ہو جائے گی اور سیز فائر لائن کی دوسری جانب بسنے والے ہمارے بہن بھائی بھی آزاد فضاؤں میں ملت اسلامیہ کے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں منائیں گے۔