اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) حضرت پیر سیّد شاہ عبدالحق گیلانیؒ لالہ جی سرکار رحمتہ اللہ علیہ کا چوتھا سالانہ عرس عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ غوث زماں حضرت پیر سید شاہ عبدالحق گیلانی ؒ کے چوتھے سالانہ 2 روزہ عرس مبارک کی تقریبات ہفتہ گولڑہ شریف میں اختتام پزیر ہوگئیں۔ جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔محفل سماع کا خصوصی اہتمام کیاگیا اور مزار شریف پہ چادر شریف کا نذرانہء عقیدت بھی پیش کیاگیا۔علماء کرام نے اپنے خطبات اولیائے کرام کی پاکیزہ تعلیمات کی روشنی عقائد حقہ کی پاسداری اور اصلاح اعمال پہ بیان کیاکہ حضرت پیرسید شاہ عبدالحق گیلانی کی ساری زندگی دین کے فروغ، اسوہء حسنہ کی پیروی اور مخلوق خدا کی خدمت میں گذری ۔عرس کی اختتامی محفل میں مزار شریف پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سید معین الحق گیلانی تمام امت کیلئے دعائے خیر فرمائی۔ عرس کے ایام میں تمام مہمانوں کیلئے لنگر غوثیہ کا وسیع انتظام کیا گیا۔