اگر آپ سے انٹرویو کے دورا ن سوال ہو کہ آپ کسی ادارے میں ملازمت کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ تو اس سوال کے جواب کیلئے آپ کئی وجوہات بیان کرسکتے ہیں۔لیکن کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ کوئی شخص کسی کمپنی میں ملازمت کی وجہ پسند کی شادی کی خواہش کو قرار دے؟ مضحکہ خیز لگتا ہے لیکن درحقیقت بھارتی کمپنی کی سی ای او کو آن لائن درخواست ملازمت پڑھنے کے دوران اس مضحکہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اروا ہیلتھ ( ARVA HEALTH) نامی بھارتی کمپنی کی بانی اور سی ای او دیپالی بجاج ہائرنگ کیلئے کسی اچھے امیدوار کی کھوج میں تھیں جس دوران ملازمت کے خواہش مند ایک درخواست گزار کی درخواست میں درج تھا کہ وہ ان کے ادارے میں نوکری کا خواہشمند اس لیے ہے تاکہ وہ اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرسکے۔ دیپالی کے مطابق جب درخواست گزار سے پوچھا گیا کہ وہ اس عہدے کا خواہش مند کیوں ہے؟ تو اس نے بلاجھجھک بتادیا کہ اسے ملازمت کی اس لیے ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے خواب کی لڑکی سے شادی کر سکے کیوں کہ لڑکی کے والد بضد ہیں کہ وہ ان کی بیٹی سے شادی کرنے سے پہلے نوکری ڈھونڈ لیں ورنہ ان کی شادی ممکن نہیں۔درخواست میں آپ اس کردار کے لیے موزوں کیوں ہیں؟ پر درخواست گزار نے بتایا تھا کہ وہ اس ملازمت کیلئے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتاہے۔دیپالی نے ٹوئٹر پر امیدوار کےجواب کا ایک اسکرین شاٹ اس عنوان کے ساتھ شیئر کیا، جس پردر ج تھا کہ ’ہائرنگ بھی مضحکہ خیز ہو سکتی ہے‘ ، درخواست گزار کی درخواست پر سوشل میڈیا صارفین تبصرے کیے بغیر نہ رہ سکے ہیں۔