آرمی چیف کا دورہ ایل او سی، اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے افسر و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور ملک میں امن و استحکام کیلئے دعا کی۔آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور جوانوں کے بلند عزم اور حوصلے کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جوانوں کیلئے گھروں سے دو رمحاذ پر عید باعث فخر ہے۔اپنے گھر والوں سے دور وطن کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی زیادہ اہم ہے۔آرمی چیف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا اور کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔آرمی چیف نے کشمیریوں پر جاری بھارتی جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم وستم میں اضافہ ہوا ہے، بھارت کے سیاسی مقاصد کیلئے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جارہے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قوم کی حمایت سے دشمن کو بھرپور جواب دیں گے، ان شااللہ۔

ای پیپر دی نیشن