ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 43ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
ٹروبا میں کھیلے جانے والے اس ڈیڈ ربر میچ میں پاپوا نیو گنی کی ٹیم نیوزی لینڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پی این جی کی جانب سے چارلس امینی نے 17، نورمان ونوا نے 14 اور سیسی باؤ نے 12 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوسکا.نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے چار اوورز کے کوٹہ کے تمام اوورز میڈن کرواتے ہوئے تین وکٹیں لیں۔
دیگر بولرز میں ٹرینٹ بولٹ، تم ساؤتھی اور اش سوڈھی نے دو دو جبکہ مچل سینٹنر نے ایک آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بھی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔ صفر پر فن ایلن اور 20 کے مجموعے پر 6 رنز بنانے والے رچن رویندرا کبوا موریا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ڈیون کانوے نے 35 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو اپنے حق میں کرلیا۔ کپتان کین ولیمسن 18 اور ڈیرل مچل 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
تاریخ ساز بولنگ اسپیل کروانے والے لوکی فرگوسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور آج اس نے پی این جی کے خلاف ایونٹ میں اپنا آخری میچ کھیلا۔
گروپ سی سے میزبان ویسٹ انڈیز اور افغانستان نے سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کیا