نوید سحر

بھارت کے خلاف جیت اپنے اندر خوشیوں اور شادمانیوں کا ایک جہان سمیٹے ہوتی ہے روایتی حریف کے خلاف کامیابی روح کو مسکا دیتی ہے اور دل کو گرما دیتی ہے ہر سو مسرت وانبساط کے شادیانے بجنے لگتے ہیں‘ ملائیشیا میںکھیلے گئے 4 ملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے عصاب شکن مقابلے کے بعد بھارت کو مات دیدی تامن ڈایا ہاکی سٹیڈیم جوہر بارہو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم خوب جم کر کھیلی‘ بھارت کے خلاف لیگ میچ کے علاوہ تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی مجموعی طور پر 15 گول کیے اور اس کے خلاف 6 گول ہوئے چیف کوچ خواجہ جنید کی بات سچ ثابت ہوئی کہ بھارت سے لیگ میچ میںشکست سے قومی کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ فائنل میں قومی سکواڈ نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے لیگ میچ کا بدلہ لے لیا اور ٹرافی جیتنے میں کامیابی ٹھہرا۔ ٹیم کی تربیت میں اولمپئن جیند نے خوب محنت کی ان کی سعی ثمرآور ثابت ہوئی پلیئرز نے افتتاحی میچ سے فائنل تک سٹک ورک ڈاجنگ‘ ڈربلنگ اور ہٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مخالف ٹیموں کی ایک نہ چلنے دی دفاعی اور فارورڈ کھلاڑیوں نے مربوط کوششوں سے مخالف ٹیموں کو مسلسل دبائو میں رکھا۔ قومی ٹیم افتتاحی میچ میں سنگاپور کو 8-0 سے شکست دے کر ایک ہی جست میں مورال کی بلندیوں پر پہنچ گئی کپتان عبدالحسیم نے ایک شاندار ہیٹ ٹرک سمیت 4 گول گئے ‘‘گرین شرٹس‘‘ نے دوسرے میچ میں میزبان ملک ملائیشیا کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ بھارت کے خلاف لیگ میچ فائنل میچ کی ریہرسل تھی فائنل میں دونوں ٹیمیں خم ٹھونک کر مدمقابل آئیں میچ خاصا سنسنی خیز تھا۔ وقفہ پر بھارت کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل تھی مقررہ وقت کے خاتمے پر میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ اضافی وقت میں کپتان عبدالحسیم خان نے گولڈن گول کر کے مخالف ٹیم کی امیدیں خاک میں ملا دیں۔ پاک بھارت فائنل میچ دیکھنے کیلئے پاکستانی شائقین کی ایک بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی میدان ’’جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔ 6 نئے کھلاڑیوں کی موجودگی میں قومی ٹیم نے تجربہ کار بھارتی ٹیم کو پسپا کر کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے امید ہے کہ یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے کھیل کیلئے نیک شگون اور نوید سحر ثابت ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن