اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان تیسری پوزیشن کی دوڑ سے باہر

Mar 17, 2013

ایپوہ (سپورٹس ڈیسک+نیوز ایجنسیاں) ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی آخری گروپ میچ میں بھی کامیابی حاصل نہ کر سکا اور جنوبی کوریا سے میچ 2-2گولز سے برابر کرکے تیسری پوزیشن کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، کھیل کے پہلے ہاف میں سلمان حسین نے گول کر کے گرین شرٹس کو ایک گول کی برتری دلا دی ۔دوسرے ہاف کے کچھ ہی دیر بعد کورین کھلاڑی نے گول کر کے حساب برابر کر دیا جس کے بعد حسیم خان نے گول کر کے پاکستان کو ایک گول کی برتری دلوائی لیکن گرین شرٹس زیادہ دیر برتری کو برقرار نہ رکھ سکی اور کھیل کے 53ویں منٹ میں کوریا نے گول کر کے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔میچ برابر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم تیسری پوزیشن کی دوڑ سے باہر ہوگئی ،گرین شرٹس اب پانچویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلے گی۔ ایونٹ میں پاکستان نے واحد کامیابی نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل کی جب کہ آسٹریلیا اور انڈیا سے اسے شکست ہوئی اور ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے ساتھ میچ برابر رہے۔ پہلی، دوسری، تیسری، چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشنز کیلئے میچز آج کھیلے جائیں گے۔ ملائیشیا اور بھارت کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر رہا، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا ۔پاکستان پانچویں پوزیشن کیلئے بھارت کیخلاف کھیلے گا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے میچ نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ فائنل آسٹریلیا اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائیگا۔

مزیدخبریں