اوکاڑہ (نوا ئے وقت رپورٹ) اوکاڑہ کی گلیوں، بازاروں میں جھاڑو دینے والے غریب ماں باپ کا بیٹا لبھا مسیح پنجاب پبلک سروس کمشن کا امتحان پاس کر کے جج بن گیا۔ بیٹے کی کامیابی پر خوش خاکروب والدین کا کہنا ہے بیٹے نے دلی آرزو ہی پوری نہیں کی سر بھی فخر سے بلند کر دئیے۔ اوکاڑہ میں ڈیڑھ مرلے کے مکان میں رہنے والی کرسچین فیملی آج پھولے نہیں سما رہی۔ ساری خوشیاں جواں عزم ذیشان لبھا مسیح کے دم سے نصیب ہوئیں۔ غربت جس کی راہ کی رکاوٹ نہ بن سکی، جوڈیشل مجسٹریٹ بننے والے ذیشان لبھا مسیح کی جیون ساتھی آرزو کہتی ہیں ذیشان کو ماں باپ کی خدمت کا صلہ ملا۔ لبھا مسیح کی والدہ نے نجی ٹی وی کو بتایا میں کمیٹی میں جھاڑو پھیرنے کی نوکری کرتی ہوں، جب گاڑیوں میں افسر گزرتے تو میں کہتی تھی میرا بیٹا بھی اسی طرح گزرے گا۔ ”خداوند نے میری خواہش پوری کیتی اے میرے بیٹے نوں جج بنا دِتا“۔ ماں نے بتایا میں کہتی تھی بیٹا تم مقابلے کے پیپر دے دو، میرے دل میں بہت خواہش ہے، میرا بیٹا افسر بنے۔ لبھا مسیح کے والد خاکروب سردار مسیح نے کہا ”ترقی تعلیم دے نال ای حاصل ہوندی ہے“۔ جیون ساتھی آرزو کی تمام خواہشیں پوری ہوئیں۔ ان کی اہلیہ آرزو نے بتایا ہماری خواہش تھی ہم اپنے بچوں کو بھی پڑھائیں اور ہمارے بچے آگے چل کے اپنے باپ کی طرح بڑے افسر بنیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سارا سارا دن نوکری شام کو ٹیوشن پڑھانا اور راتوں کو اٹھ کر پڑھنا یہ ہے لبھا مسیح کی کامیابیوں کی کہانی، لبھا مسیح نے بتایا محنت کریں، کوشش کریں چیخیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا۔