اراضی کمپیوٹرائزیشن منصوبہ اسی سال مکمل ہو گا‘ عوام کو کرپٹ پٹوار نظام سے نجات ملے گی : شہباز شریف

Mar 17, 2014

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔  اربوں روپے عوام کے فلاحی پروگراموں پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری اداروں اورمحکموں کی استعداد کار میں اضافے اور انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات کی جارہی ہیں۔ سخت مالیاتی ڈسپلن اور سادگی و کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دے کر حاصل کئے گئے اضافی وسائل بھی کم وسیلہ طبقات کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) اپنے عوامی خدمت کے منشور پر پوری طرح کار بند ہے۔ شفافیت ،میرٹ اور اعلی معیار پنجاب حکومت کا طرہ امیتاز ہے۔ عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور پارٹی پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔  وطن عزیز کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا سابق ادوار کی حکومتوں کی غفلت اورنااہلی کے باعث توانائی کا بحران سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ صنعت و زراعت کی ترقی، سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، غربت، بیروزگاری اور عوام کی معاشی مشکلات میں کمی لانے کیلئے توانائی بحران پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔  وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کو توانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ موجودہ حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بڑی تعداد میںتوانائی سمیت انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے حوالے سے ہماری سنجیدگی کے پیش نظر چین، ترکی، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کی توانائی کی کمپنیاں حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدے کر رہی ہیں۔ پنجاب حکومت صوبے میں توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ہماری شب روز کی محنت اور کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی اور توانائی کا بحران ختم ہو گا۔ ملک کے اندھیرے دور ہوں گے۔ انہوں نے کہا  فرسودہ نظام عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کو اس گلے سڑے نظام سے نجات دلانا چاہتی ہے۔  عوام کے پراپرٹی کے معاملات کو شفاف بنانے کیلئے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ رواں برس کے آخر تک پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے شفاف اور موثر نظام سامنے آئے گا جس سے عوام کو پٹواری کے استحصال سے نجات ملے گی۔ ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے عوام کے فلاح کے پروگراموں، سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے اور عوام کو خدمات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یقینا شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنے گا۔  وزیراعلیٰ نے لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ کاچھا کے قریب ٹرین کی زد میں آ کر جاںبحق ہونے والے 2 شہریوں کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے 45 سالہ امانت علی اور 90 سالہ محمد شاہ کا تعلق نواب ٹائون سے تھا۔ وزیراعلیٰ کی اتوار کو شاہدرہ میں اپنے ڈرائیور جاوید کے گھر گئے۔ انہوں نے جاوید اور اہل خانہ کو بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی۔ شادی شدہ جوڑے کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں