کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کھارادر میں رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں2 ٹارگٹ کلرز مارے گئے ان میں سے ایک کی شناخت لیاری کے جرائم پیشہ بلال کے نام سے ہوئی۔ دریں اثناء سائوتھ زون پولیس نے 150 افراد کے قتل میں ملوث 8رکنی گروہ کے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 ملزم ثمر اور باقر ناظم آباد پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں دیگر 3 کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیز بلوچ کے دست راست ظفر بلوچ کے قتل کیلئے ریکی کرنیوالے ملزم سعید عرف لنگڑا کو گرفتار کر لیا ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے ظفر بلوچ کی ایک ہفتہ تک ریکی کی جس کے اسے 900 روپے ملے ظفر بلوچ کو سکندر سیکو اورلالہ اورنگی والے نے قتل کیا۔ دوسری طرف پولیس اور رینجرز نے موسیٰ لین، لیاقت آباد اور الیاس گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے 60 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا ادھر ایک نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے لیاری گینگ وار کے اہم مطلوب ملزموں کی فہرست لیاری بزرگ کمیٹی کے حوالے کر دی۔ ذرائع کے مطابق بزرگ کمیٹی ان افراد کو ان اداروں کے حوالے کرنے پر غور کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی کی24 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا اس حوالے سے پولیو ورکرز کو سخت سکیورٹی میں گھر گھر لیجایا گیا۔