اسلام آباد کچہری حملہ، تھر بحران کے بارے میں ازخود نوٹسز کی سماعت آج ہوگی

Mar 17, 2014

اسلام آ باد (ثناء نیوز) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ پیر کو اسلام آباد کچہری حملہ کے علاوہ تھر میں قحط اور خوراک کی عدم دستیابی کے بارے ازخود نوٹس مقدمے کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس کا بنچ اس روز سو سے زائد ججوں کو ہٹانے کے فیصلے کے دوبارہ جائزہ لینے کے لئے دائر کیس بھی سنے گا۔سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے چھ بینچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔اگلے ہفتے چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ انتخابی اصلاحات کے فیصلے پرعمل درآمد ،گزشتہ عام انتخابات کے دوران 4 حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تصدیق انگوٹھے کے نشان سے کرانے  کے بارے میں تحریک انصاف کی درخواست اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے بارے میں مقدمات کی سماعت بھی کرے گا۔جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ ایل پی جی کوٹے کو غیرقانونی قرار دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کا مقدمہ سنے گا جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں فل بنچ تھری جی اور فور جی اسپیکٹرم لائسنس کی نیلامی کے علاوہ اوگرا کرپشن کیس کے فیصلے پرعمل درآمد کے بارے مقدمے کی سماعت کرے گا۔

مزیدخبریں