لاہور (ندیم بسرا) محکمہ صحت پنجاب نے ایڈہاک اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مستقبل قریب میں ایڈہاک اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈاکٹر ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں میں کام کرتے رہیں گے۔ کسی بھی ڈاکٹر کو فارغ نہیں کیا جائے گا، کنٹریکٹ اور ایڈہاک دورانیہ ختم ہونے کے بعد ڈاکٹرز کو اسی ہسپتال یا قریبی ہسپتال میں تعینات کر دیا جائے گا۔ محکمہ صحت پنجاب نے اس حوالے سے حتمی سفارشات اور پالیسی بنا لی۔ اس حوالے سے سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں بتایا محکمہ صحت میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کو فارغ نہیں کیا جا رہا۔ مستقبل کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کر لی ہے اور تمام پرنسپلز، ایم ایس کو ہدایات جاری کی ہیں ایڈہاک اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کی مدت ملازمت ختم ہو جائے تو کسی کو فارغ نہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا جو ڈاکٹرز ایڈہاک بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ان کی خدمات جاری رکھی جائیں گی۔ اس ہسپتال میں کوئی مستقل ڈاکٹر پبلک سروس کمشن کے ذریعے آ بھی جائے تو کنٹریکٹ اور ایڈہاک پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کی قریبی ہسپتال، رورل ہیلتھ یونٹ، (RHU) بیسک ہیلتھ یونٹ (BHU) پر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا وزیراعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں صحت کے شعبے کو فعال بنایا جائے۔ ہسپتالوں میں مسنگ سہولتوں کے مسئلے حتم کرنے ہیں۔ شہریوں کو صحت مند بنانے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ اچھی طبی سہولتیں دینی ہیں جس کے لئے جدید ترین سہولتوں سے آراستہ مشینیں منگوائی جا رہی ہیں، ادویات کا معیار بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں مافیا اور عرصہ دراز سے کام کرنے والوں کی لسٹیں بنا کر انہیں دور دراز علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب کا صحت کے شعبہ سے متعلق ویژن اسی صورت پورا ہو سکتا ہے جب ہیلتھ کے شعبے سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں اور ڈاکٹرز کو ہپتالوں سے فارغ کرنے کا تاثر درست نہیں۔
ایڈہاک اور کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو فارغ نہیں کیا جائیگا‘ محکمہ صحت نے پالیسی اپنا لی
Mar 17, 2014