دبئی میں زرداری سے گورنر سندھ، ندیم نصرت کی ملاقاتیں، سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال

دبئی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زرداری سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے دبئی میں ملاقات کی جس میں پی پی اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، پی پی اور ایم کیو ایم سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں دبئی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں کی خفیہ ملاقاتیں جاری ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے رہنمائوں نے ملاقاتوں کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں جماعتیں ملاقاتیں اور پیشرفت خفیہ رکھنے پر متفق ہیں۔ دبئی میں 24 گھنٹوں کے دوران ملاقاتوں کے تین سیشن ہوئے، پی پی اور ایم کیو ایم نے سیاسی تعاون کے نکات پر بات چیت کی۔ ملاقاتیں پرانے دبئی کے علاقے ڈیرا میں ریگا سٹریٹ کے ہوٹل میں ہوئیں۔ آئی این پی  کے مطابق گورنر سندھ نے سابق صدر زرداری کو تھر میں موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ سابق صدر نے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وفاقی وزیر داخلہ سنیٹر رحمن ملک اور مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم نے شرکت کی۔  ملاقات تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہی۔  اے پی اے کے مطابق ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیر ندیم نصرت نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور سیاسی معاملات کو خفیہ رکھا گیا۔ ندیم نصرت نے آصف علی زرداری کو الطاف حسین کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ گورنر سندھ عشرت العباد اور سنیٹر رحمان ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن