لاہور + کراچی (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں حالیہ بارشوں کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ پیاز، لہسن، ادرک، ٹماٹر، ہری مرچ، لیموں اور کھیرے کی قیمتوں میں 5 سے10 روپے فی کلو مہنگے فروخت کئے جاتے رہے۔ پیاز 30، لہسن 150، ادرک 250، ٹماٹر 70، ہری مرچ 100، لیموں 150 اور کھیرے 40 روپے کلو فروخت کئے جاتے رہے۔ اسی طرح کیلا 40 روپے درجن سے بڑھا کر 60 روپے، امرود 50 روپے کلو سے بڑھا کر 70 روپے، سیب عام 60 روپے سے بڑھا کر 80 روپے اور سیب اعلیٰ اقسام کے 120 روپے سے بڑھا کر 150 روپے کلو فروخت کئے جاتے رہے۔ اس حوالے سے دکانداروں نے بتایا انہیں آڑھتیوں کی جانب سے بارش کے باعث سبزیاں اور پھل مہنگے مل رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ بھی مہنگے داموں پھل اور سبزیاں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری طرف ملک میں گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد اضافہ دیکھاگیا جس کی بڑی وجہ پیاز اور زندہ مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ پاکستان بیورو شماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 12 مارچ کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران 13 اشیا کی قیموں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جس میں زندہ مرغی کی 7.88 فیصد بڑھ گئی۔ انڈے 7.05 فیصد، ایل پی جی 2.70 فیصد، آلو 2.54 فیصد اور کیلے 1.19 فیصد مہنگے ہوگئے۔ اسکے علاوہ گڑ، دال ماش اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ 35 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں پر 0.67 فیصد پڑا، 18 ہزار روپے اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ 12 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی والوں کیلئے افراط زر کی ہفتہ وار شرح 0.64 فیصد اور 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.63 فیصد کا اضافہ ہوا۔
بارشوں سے منافع خوروں کی چاندی، سبزیاں، پھل، برائلر گوشت مزید مہنگے کردیئے
Mar 17, 2015