عمراکمل کے خودغرض کھیل سے ٹیم انتظامیہ ناخوش

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)ٹیم انتظامیہ خودغرض کھیل پر بلے باز عمر اکمل سے ناخوش,سرفراز احمد کی سینچری ٹیم انتظامیہ کی مداخلت پر ممکن ہوئی۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل کو باہر سے سخت پیغام بھجوایا گیا تو انہوں نے جارحانہ انداز سے رنز بنانے کے بجائے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سینچری مکمل کرنے میں مدد دی۔ آئر لینڈ کے خلاف آخری پول میچ میں وکٹ کیپر بلے باز سینچری مکمل کرنے کے قریب تھے جب عمر اکمل مصباح الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آئے انہوں نے آتے ساتھ ہی بڑے شاٹس کھیلنے شروع کر دیے مڈل آرڈر بلے باز میچ کو جلد ختم کرنا چاہتے تھے دوسری طرف سرفراز احمد تھری فیگر اننگز مکمل کرنے کے قریب تھے لیکن عمر اکمل انہیں موقع دینے کے بجائے جارحانہ انداز اپنائے ہوئے تھے اس موقعہ پر باہر سے آنے والے پیغام کی وجہ سے عمر اکمل نے اپنا بیٹنگ پلان تبدیل کیا اور دفاعی انداز اختیار کرتے ہوئے سرفراز احمد کو سنچری مکمل کرنے کا موقعہ دیا۔پھر وکٹ کیپر نے بھی تھری فگر اننگز مکمل کرنے کے بعد وننگ شاٹ کے لئے عمر اکمل کو سٹرائیک دیا۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے بیٹنگ کے آغاز میں سرفراز احمد کی سنچری کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اچھے ٹیم مین ہونے کا ثبوت نہیں دیا۔عمراکمل کے جارحانہ انداز کو دیکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ کو مداخلت کرنا پڑی۔یاد رہے کہ سرفراز احمد کو عالمی کپ کے ابتدائی چار میچوں میں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی مرتبہ چانس ملا وہ انچاس رنز بنانے اور وکٹوں کے پیچھے چھ کیچ لینے میں بھی کامیاب رہے۔آئر لینڈ کے خلاف سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے۔سرفراز احمد رواں ورلڈکپ میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں۔

ای پیپر دی نیشن