کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بات چیت سے مسئلہ حل کیا جائے: چینی سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے لائن آف کنٹرول پر چینی فوج کی موجودگی کا الزام بے بنیاد ہے۔ چین کشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتا ہے اس تنازعہ کا حل بات چیت سے تلاش کیا جانا چاہئے۔ ایک سفارتی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کسی دوسرے ملک میں فوج نہیں بھیجتا۔ بھارت نے تو یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ایک چینی فوجی دستہ بھارتی علاقے میں گھس آیا۔ یہ الزام بھی بے بنیاد ہے۔ ہماری فوج نے کبھی بھارتی علاقے میں گھسنے کی کوشش نہیں کی۔ لداخ میں چینی فوج اپنے علاقے میں ہے۔ چینی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ بھارت اس طرح کی الزام تراشی کیوں کرتا ہے تو انہوں نے خود حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ معلوم نہیں کہ اس پروپیگنڈہ کا کیا مقصد ہے۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے سے اگلے دو سال میں دس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہونا شروع ہو گی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا چین کو پاک چین اکنامک کوریڈور پر پاکستان کے اندر پیدا ہونیوالے اختلافات پر کوئی بے چینی ہے تو چینی سفیر نے کہا کہ میرے خیال میں منصوبے پر داخلی اختلافات ختم ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے اختلافات ختم کرا دیئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن