یوم پاکستان: فوجی پریڈ کیلئے تیاریاں عروج پر، فل ڈریس ریہرسل 21 مارچ کو ہو گی

اسلام آباد/ راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، پریڈ وینیو شکر پڑیاں پر تینوں مسلح افواج سمیت مختلف اداروں نے ریہرسل میں حصہ لیا، 21 مارچ کو فل ڈریس ریہرسل ہو گی، فل ڈریس ریہرسل اور یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر سفر کرنیوالوں کی سہولت کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان (23 مارچ) کی پریڈ کی تیاریاں پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈ اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ 23 مارچ کی پریڈ کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ بدھ کو پریڈ کی ریہرسل پریڈ گرائونڈ شکرپڑیاں پر کی گئی جس میں پاکستان آرمی، نیوی، پی اے ایف، فرنٹیئر کور، ناردن لائٹ انفنٹری، مجاہد فورس، اسلام آباد فورس، تینوں افواج کی خواتین آفیسرز، تینوں افواج کی نرسنگ سروس، گرلز گائیڈ، بوائز سکائوٹس، تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ، آرمڈ کور، آرٹیلری، آرمی ایئر ڈیفنس، سگنلز انجینئرز، آرمی سٹریٹجک فورس کمان، کیمل بینڈ اور پریذیڈنٹ باڈی گارڈ نے شرکت کی۔ پریڈ میں خواتین افسروں کے دستے نے بھی شرکت کی۔ پی اے ایف کے لڑاکا طیاروں، پاکستان نیوی کے طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے بھی یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے ریہرسل کی۔ پی اے ایف کی شیر دل ٹیم، جے ایف تھنڈر 17 اور ایف 17 کے فضائی مظاہرے بھی ریہرسل کا حصہ تھے۔ تینوں افواج کے سکائی ڈائیورز نے پیرا جمپس کا مظاہرہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل جائنٹ سٹاف لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ خان، ایڈجوٹینٹ جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الحسن شاہ اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور منتظمین نے ریہرسل دیکھی۔

ای پیپر دی نیشن