لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس وفاقی وزارت تعلیم کے ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پاکستان اور چاروں صوبوں کے تعلیمی اعداد و شمار کی رپورٹ 2015-16ء کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں پر سبقت لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکولوں میں اربوں روپے سے عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔ ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ کے تحت 20 ہزارسکولوں کو روشن کیا جائے گا جبکہ صوبے کے تمام سکولوں میں ٹیبلٹس کی فراہمی کا پروگرام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے فروغ تعلیم کے لئے کئے گئے فیصلوں پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروے رپورٹ کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں تا ہم اس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔ اجلاس میں سکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے کے لئے متعدد تجاویز اور سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پرامن ماحول میں فائنل میچ کا کریڈٹ آپ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو جاتا ہے پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ شہبازشریف نے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کا کامیاب او رپرامن انعقاد پاکستان کی فتح اور امن دشمنوں کی شکست ہے۔ اس میچ سے پرعزم پاکستانیوں کا جذبہ اور حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انتہائی مضبوط ہے اور فائنل میچ کا لاہور میں کامیاب انعقاد دہشت گردوں کیلئے ایک سخت پیغام ہے کہ قائداعظم ؒ کے پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر مملکت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے ملاقات کی جس میں انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مدد کیلئے جاری پروگرامز خصوصاً وسیلہ تعلیم پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں ای لائبریریوں کے قیام کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے مختلف شہروں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای لائبریریاں قائم کر رہی ہے ،ان لائبریریوں میں شہریوں کو بہترین ماحول میں مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گے۔ صحافی عمران شیخ ک والدہ صائمہ نواز کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
خادم پنجاب اجالا پروگرام 20 سکولوں کو سولر پینل سے روشن کیا جائیگا :شہباز شریف
Mar 17, 2017