لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف) نے گیس کمپنیز کے نقصانات کو پورا کرنے کے لئے حکومت کا گیس کی قیمتوں میں پانچ سے سات فیصد اضافے کے منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں گیس پہلے ہی زیادہ نرخوں پر دی جارہی ہے اس کی قیمتوں میںمزید اضافہ کرنا تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے مترادف ہو گا۔صنعتی سیکٹر کو گیس ہمسایہ ممالک کے مقابلے میںپہلے ہی مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہے۔پیداواری لاگت زیادہ ہونے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ مہنگی گیس و بجلی کی بدولت برآمدات میں مسلسل کمی کے بعد حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لئے برآمدات کا ہدف پورا کرنا انتہائی مشکل ہو گا۔