کراچی(کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ نے چائنا کٹنگ اور غیر قانونی قبضہ ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس گلزار احمد نے ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلستان جوہر میں جگہ جگہ قبضے ہیں آپ کیا کررہے ہیں؟ عدالت نے ریمارکس دیئے خالی پلاٹ پر پہلے گدھا گاڑی کھڑی کرتے ہیں، جھنڈا لگاتے ہیں اور جھونپڑی بنا کر قبضہ کرلیتے ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر حکام پیش ہوئے۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی نے کہا کہ ہم نے 1700 سے ذائد تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا 40 ہزار سے زائد پلاٹوں پر قبضہ تھا، اس کا کیا ہوا؟ جسٹس گلزار احمد نے ڈی جی کے ڈی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گلستان جوہر میں جگہ جگہ قبضے ہیں آپ کیا کررہے ہیں؟ وکیل کے ڈی اے نے کہا کہ کارروائی میں مشکلات آتی ہیں، پولیس اور دیگر اداروں کی مدد درکار ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں جانتے آپ کی ذمہ داری ہے آپ کارروائی کریں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم نے عدالتی احکامات سے متعلق پیشرفت رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ ہم نے عدالت کو بتایا ہے کہ ہم سارے قبضے ختم نہیں کرا سکتے ہمارے پاس مشنری نہیں ہے۔ عدالت کی ہدایت پر اس سلسلے میں سمری سندھ حکومت کو بھیجی ہے۔
کراچی میں چائنا کٹنگ غیرقانونی قبضے ختم کر کے رپورٹ دی جائے: جسٹس گلزار
Mar 17, 2018