اسلام آباد+لاہور(خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنرل الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ عملے کی مرحلہ وار تربیت کا پہلا مرحلہ بخوبی طے کر لیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں لیڈ ٹرینرز کو چاروں صوبوں میں ٹریننگ دی گئی ۔ آج اس سلسلے میں اختتامی تقریبات کراچی اور کوئٹہ میں ہوئیں جن میں متعلقہ صوبوں کے صوبائی الیکشن کمشنر مہمان خصوصی تھے۔ ٹریننگ پانے والے 88 لیڈٹرینرز کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے ۔ یہ پہلا مرحلہ 5 مارچ 2018ء سے شروع ہوا تھا اور 16 مارچ 2018ء کو اختتام پذیر ہوا۔دوسرے مرحلے میں یہ لیڈٹرینرز چاروں صوبوں اور فاٹا مین 3000 ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ کریں گے جو کہ اپریل 2018ء میں شروع کی جائیگی۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں ماسٹر ٹرینرز پولنگ عملے کی تربیت کریں گے ۔ جس کا سلسلہ عام انتخابات 2018ء کے انعقاد سے پہلے مکمل کر لیا جائیگا۔ مجموعی طور پر تینوں مرحلوں میں 9 لاکھ پولنگ عملے کو تربیت دی جائے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشن عام انتخابات 2018 کیلئے متحرک ہوگیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ووٹر فہرستیں 26 مارچ سے ایک ماہ کیلئے آویزاں کی جائیں گی۔ ووٹر 26 اپریل تک اپنے کوائف اپ ڈیٹ کراسکیں گے۔ ووٹر لسٹوں میں نئے ووٹرز کا اندراج، اخراج اور درستگی ممکن ہوسکے گی۔آئی این پی کے مطابق الیکشن کمشن نے تمام قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے نقشے جاری کر دیئے ، تمام مجوزہ حلقوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر آویزاں کر دی گئیں ۔ووٹرز اپنے حلقوں کے نقشے ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔
انتخابات کیلئے پولنگ عملے کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل‘ ووٹر لسٹیں 26مارچ کو آویزاں ہونگی‘ حلقہ بندیوں کے نقشے جاری
Mar 17, 2018