ترشاوہ پھلوں کی نمائش کے ناقص انتظامات‘ ڈائریکٹر ٹی ڈیپ معطل

Mar 17, 2018

اسلام آباد (عترت جعفری) ترشاوہ پھلوں کی نمائش کے ناقص انتظامات کے باعث غیرملکی سفیروں کے سامنے ملک کی سبکی کرانے پر ٹی ڈیپ کے ایک ڈائریکٹر کو معطل اور ڈی جی کو لاہور سے اسلام آباد ٹرانسفر کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔ وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں برآمدات کو بڑھانے کے لئے ترشاوہ پھلوں کی نمائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس کا انتظام ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کرنا تھا۔ ٹی ڈیپ اسلام آباد کے ڈائریکٹر خالد رسول اس انتظام کے ذمہ دار تھے جبکہ ٹی ڈیپ لاہور کی ڈی جی شازیہ اکرم نگران تھیں۔ نمائش کے کارڈ تقسیم کئے گئے۔ غیرملکی سفییر اور دیگر معزز مہمان وقت پر ہوٹل میں آ گئے۔ تاہم ٹی ڈیپ مقررہ وقت تک نہ سٹال لگا سکا اور نہ دوسرا انتظام مکمل تھا۔ مہمان خصوصی سیکرٹری تجارت تھے جو تقریب میں گئے۔ حکومتی افسروں کو غیرملکی سفیروں کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ نمائش تو ہو گئی تاہم بعدازاں سیکرٹری تجارت نے اس کے تحت نوٹس لیا اور ڈائریکٹر خالد رسول کو معطل کر دیا گیا۔ جبکہ ڈی جی لاہور کو کراچی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ خالد رسول کا تعلق کامرس گروپ سے ہے۔ ان کی جگہ محمد عرفان کو ٹی ڈیپ ڈائریکٹر اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے۔ خالد رسول کے خلاف انکوائری ہو گی۔

مزیدخبریں