کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال تین لاکھ 75 ہزار سے زائد ریکارڈ حج درخواستیں وزارت مذہبی امور کو موصول ہوئی ہیں جبکہ سرکاری کوٹہ ایک لاکھ 7ہزار تھا، ہماری کوشش ہے کہ جن لوگوں کو پہلے حج کا موقع نہیں ملا ان کو حج کے لیے رسائی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزکے ڈی اے آفیسر کلب میں سٹیزنز سوشل فورم کی جانب سے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان، کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، سیکرٹری مقصود یوسفی، فورم کے چیئرمین وسیم وہرہ، سینئر وائس چیئرمین ندیم وارثی اور وائس چیئرمین مسعود احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مسلسل سازشیں ہوتی رہیں لیکن کامیاب نہیں ہوسکیں، ہرمکتبہ فکر کے لوگ اگر اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو کامیابی ہوتی ہے لیکن اگر مداخلت ہوتو پھر درست سمت چلنے والا سسٹم ابتری کا شکار ہوجاتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ صحافی جمہوریت کیلئے آواز اٹھاتے رہے ہیں جس سے ملک میں ترقی ہوئی، صحافی عوام کے ترجمان ہوتے ہیں ان کی آنکھ کان اور منہ کھلے ہوتے ہیں پاکستان میں جمہوری نظام کی مضبوطی میں صحافی برادری کا بہت بڑا کردار ہے ملک میں اس وقت جمہوریت کا تسلسل جاری ہے،15 سالوں سے جمہوری قوتیں برسر اقتدار ہیں جس کے نتیجے میں ملک مضبوط ہو رہا ہے اگر ہر کوئی اپنی ذمہ محسوس کرے تو سسٹم بہتر انداز میں چل سکتا ہے اس کے لیے میڈیا کا کردار سب سے اہم ہے،معاشرے کو اصلاح کی ضرورت ہے جس کی کوششیں جاری ہیں اس طرح ملک بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے منتخب افراد ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پریس کلب جمہوریت روایت کو مسلسل پروان چڑھا رہا ہے جو نیک شگون ہے،میں بہت جلد پریس کلب میں جمہوریت اور ملک کے مستقبل کے بارے میں اظہار خیال کروں گا۔ اس موقع پر انہوں نے شعروں کے ذریعے بھی اپنی صحافیوں سے اپنی چاہت کا اظہار کیا اور کہا کہ حقائق لکھنا صحافیوں کی ذمہ داری ہے جو وہ احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں ۔
جن لوگوں کو پہلے حج کا موقع نہیں ملا ان کو رسائی دینے کی کوشش کرینگے : وزیر مذہبی امور
Mar 17, 2018