چشتیاں(نامہ نگار)چشتیاں کے نواحی گائوں 108فتح میں منگنی توڑ کر دوسری جگہ شادی کرنے کی دوسالہ پرانی رنجش کی بناء پر حقیقی کزن نے تیزاب پھینک کر شادی شدہ خاتون کو شدید زخمی کردیا۔ صدر پولیس کے مطابق ملزم یاسر علی کی منگنی صادق آباد کی رہائشی رابعہ کوثرکے ساتھ ہوئی تھی۔ مگر اس کے والدین نے رابعہ کی شادی صادق آباد کے مشتاق احمد کے ساتھ کر دی جس سے ایک بچی پیدا ہوئی۔ رابعہ کوثر اپنے خاوند کے ہمراہ ماموں کے گھر چشتیاں کے گائوں 108فتح میں آئی ہوئی تھی کہ اس کے حقیقی کزن یاسر علی جو کہ ہمسایہ میں رہائش رکھتا ہے نے چھت کی دیوار پھلانگ کر رابعہ کوثر پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔رابعہ کوثر کو تحصیل ہسپتال چشتیاں داخل کردیا ہے۔ جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ پولیس نے زخمی رابعہ کوثر کی درخواست پر 336Bکے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔