مانگٹانوالہ + گوجرانوالہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو جمہوری ملک بنانے کے لیے ہمیشہ پیپلز پارٹی نے ہی قربانی دی ہے ۔ ہولو گرام کے ذریعے موڑکھنڈا میں رکنیت سازی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور محترمہ شہید نے ہمیشہ جمہوری قدروں کو ہی پروان چڑھایا تھا اور اس مقصد کے لیے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کر دیا تھا۔ محنت کشوں اور غریب آدمی کے حقوق کی آواز بلند کی تھی اور ان کا یہ مشن میں آخری دم تک جاری رکھوںگا۔ پاکستان کو آج جن مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے ان سے بھی پیپلز پارٹی کی قیادت ہی نکالے گی۔اس موقع پر ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی رائے شاہجہان بھٹی امیدوار این اے118ضلعی صدر سید ابرار حسین شاہ امیدوار پی پی133نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں مزدوروں اور عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہی کام کیا ہے اور استحصالی طبقات کی ڈٹ کر مخالفت کی ہے ۔بعد ازاں انھوں نے ضلعی نائب صدر مہر مقصود پڈھیار،صدر کسان ونگ مہرشمشاد پڈھیار،ناصر انصاری،نواز انصاری،مبشر انصاری،مستری عابد سعید،ملک شہزاد باواور دیگر درجنوں کارکنوں کے ساتھ پیپلز پارٹی رکنیت سازی کیمپ موڑکھنڈا کا افتتاح بھی کیا۔ حیدری انڈر پاس گوجرانوالہ کے قریب کارکنوں سے خطاب میں بلاول نے کہا ذوالفقار بھٹو نے پاکستان میں سب سے پہلے ممبر سازی کا آغاز کیا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی، معاشرے کے حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ ہر طرف مایوسی ہے۔