تاشقند (آئی این پی ) شنگھائی تعاون تنظیم کی انسداد دہشت گردی کونسل نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم رواں سال دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مشقوں اور مشترکہ سرحدی دفاعی کارروائی کا اہتمام کرے گی۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کی انسداد دہشت گردی کونسل کا چونتیسواں رسمی اجلاس تاشقند میں منعقد ہوا۔قازقستان ،چین ، کرغزستان ،روس، تاجکستان ،ازبکستان ،بھارت اور پاکستان سمیت آٹھ رکن ممالک کے متعلقہ اداروں اور انسداد دہشت گردی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے وفود نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں انسداد دہشت گردی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کی رپورٹ پر نظرثانی کی گئی اور دو ہزار سترہ سے دو ہزار اٹھارہ تک دہشت گردی ، علحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف کارروائیوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے کردار کی پذیرائی کی گئی۔