گزشتہ حکومتوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو لوٹا،غلام سرور

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کرنا اور انکے اعتماد پر پورا اترنا میری اولین ترجیح ھے۔عوامی مسائل بھرپورانداز میں حل کرنے کیلئے مقامی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ھیں-ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے راولپنڈی کینٹ میں پی ٹی آء کے پبلک سیکرٹریٹ برائے این اے 59 کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پبلک سیکرٹریٹ پورے حلقہ کے لوگوں کیلئے عوامی رابطہ مرکز ہونے کیساتھ ساتھ عوام کے مسائل بہتر اور منظم انداز میں حل کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ھوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک و قوم کو بڑی بیدردی سے لوٹا ھے۔ جس کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ھو گئے ھیں۔ ان لٹیروں کو اس بات کا پورا پورا حساب دینا ھوگا۔اب کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ 1999 میں پاک بحریہ کے طیارے کو بھارتی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں ہمارے 14 افسران شہید ھو گئے تھے مگر اس وقت کے حکمران نواز شریف نے کہا تھا کہ مٹی پائو۔ کلبھوشن کا معاملہ ھو یا کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم، پانی کا معاملہ ہو یا دہشتگردی گذشتہ حکومتیں ان معاملات پر انڈیا کے خلاف بات تک کرنے کو تیار نہ تھیں۔ گذشتہ دہائی میں انڈیا کے خلاف 570 تحریک التوا کی درخواستوں کو خارج کرایا گیاجبکہ موجودہ حکومت نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی امنگوں کی ترجمان ھے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو درپیش مہنگائی بیروزگاری اور بدحالی کے تمام مسائل کی ذمہ دار گزشتہ حکومتیں ہیں۔ 154 ارب روپے کے خسارے اور 50 ارب روپے سالانہ گیس کی چوری میں ڈوبتی ہوئی کمپنیوں کو سٹیل مل اور پی آئی اے نہیں بننے دے سکتے۔اسی لئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔مگر جہاں کوئی غلطی ھوئی اسکو ہم نے پوری دیانت داری سے تسلیم بھی کیا اور یہ بات بتاتے ھوئے خوشی محسوس ہو رہی ھے کہ15000 صارفین کو اضافی بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ مرحلہ وار بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ھے اور اب تک ھم 50 کروڑ روپے صارفین کو واپس کر چکے ھیں جبکہ ڈھائی ارب روپے کی ادائیگی بقایا ھے۔ یہ ملکی تاریخ میں پہلی مثال ھے کہ کسی حکومت نے اپنی غلطی کو خوشدلی کے ساتھ تسلیم کیا ھے۔انہوں نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ پی پی 10 میں دس کروڑ روپے صوبائی فنڈ میں سے صرف کئے جارہے ھیں۔ حالانکہ اس حلقے سے منتخب ایک صاحب نے اس حلقے کو ابھی تک نمائندگی سے محروم رکھا ھوا ھے مگر ہم پھر بھی اس حلقے کو اسکا حق اور حقیقی نمائندگی دلوائیں گے۔ان صاحب کو چاہئے کہ یا تو اسمبلی میں جا کر اپنی ذمہ داری ادا کریں یا پھر مستعفی ھو کر اپنی ذلت اور رسوائی کو تسلیم کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سال وہ وفاقی فنڈ سے حاصل ھونے والے 15 کروڑ روپے سے این اے 59 میں گیس کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ روات اور چونترہ میں بجلی کے منصوبوں کے سروے مکمل کرائے جا رھے ھیں جن پر اگلے مالیاتی سال کا فنڈ صرف کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کا ایک اہم منصوبہ رنگ روڈ جو این اے 59 اور 63 کو ملاتا ھے اسے بھی جلد از جلد مکمل کرانے کی کوشش کی جا رہی ھے۔ پوٹھوار اور گندھارا یونیورسٹیوں کے جلد قیام کو بھی یقینی بنایا جا رھا ھے۔پی پی 10 میں 2 کالج روات اور چونترہ کے مقام پر بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جوڑیاں موڑ پر ایک ہسپتال کی تعمیر کیساتھ ساتھ 2 بیسک ہیلتھ یونٹس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن