اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)عدالت عظمی میں کل سوموارسے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے چار بینچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں ، بینچ نمبر ایک چیف جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کی سربراہی میںجسٹس سجاد علی شاہ اورجسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل ہے بینچ نمبر 2جسٹس گلزار احمد ، جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل ہے ، عدالت عظمی کاتیسرا بینچ جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس مشیر عالم،جسٹس فیصل عرب اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے ، جسٹس مشیر عالم ، جسٹس عمر عطابندیال اور جسٹس مقبول باقر بینچ نمبر4کے ممبران ہیں ۔چیف جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کی سربراہی میں بینچ منگل کو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی ضمانت کیلئے دائر درخواست کی سماعت کرے گا ۔ لاہور رجسٹری میں ایک بینچ مقدمات سنے گا اس بینچ میں جسٹس منظور احمد ملک ، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں، چیف جسٹس آصف کھوسہ اور جسٹس عمر عطابندیال جمعرات اور جمعہ کو لاہور میں مقدمات سنیں گے۔